پاکستانی خبریں

نہیں معلوم حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ کل لاہور جائیں گے جہاں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف شاہدرہ تھانے میں درج ہونے والے مقدمے کا آج تیسرا روز ہے اور اب حکومت کی جانب سے نئی کہانی آئی ہے کہ ہمیں علم نہیں مقدمہ کس نے درج کیا۔

انہوں نے کہا کہ غداری کا سرٹیفکیٹ بانٹنے والے وزرا آج کہاں ہیں ؟ نہیں معلوم حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے ؟ یہاں تو آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو بھی غدار قرار دے دیا گیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم، وزرا اور 3 جرنیلوں کو بھی غدار قرار دیا گیا۔ میری وزرا سے درخواست ہے کہ مقدمے میں شامل ہو جائیں اور گواہی دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک رو رہا ہے لیکن مودی اور بھارت ہنس رہے ہیں، غدار وہ ہوتے ہیں جو سی پیک پر کام بند کرتے ہیں۔ وزیر اعظم غداری اور حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ نہ بانٹیں بلکہ عوام کے مسائل حل کریں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں سب کو اندر کرا دوں گا اور شہباز شریف کو بھی عمران خان نے ہی گرفتار کروایا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم صرف عوامی مسائل حل کرنے کے لیے بنی ہے۔ وزیر اعظم کو علم ہی نہیں کہ معیشت تباہ ہو گئی ہے جبکہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ شاہدرہ کا مقدمہ عمران خان کے کہنے پر درج ہوا ہے۔ کابینہ اجلاسوں میں صرف مقدمات کی بات ہوتی ہے۔

Related Articles

Back to top button