پاکستانی خبریں

نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کرانے والا تحریک انصاف کا عہدیدار نکلا

سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کرانے والا بدر رشید تحریک انصاف لاہور کا ہی تنظیمی عہدیدار نکلا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور (ن) لیگی رہنماؤں کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمے کا مدعی تحریک انصاف لاہور کا ہی تنظیمی عہدیدار نکلا، ذرائع کے مطابق مدعی مقدمہ بدر رشید ہیرا پی ٹی آئی یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتا رہا ہے جب کہ بدر رشید کی گورنر پنجاب سے بھی متعدد ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

بدر رشید کی گورنر پنجاب کے ساتھ تصاویر سامنے آنے کے بعد ترجمان گورنر ہاؤس نے (ن) لیگ کے قائدین کے خلاف مقدمہ کے مدعی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدر رشید کا گور نر پنجاب سے کوئی تعلق نہیں، پنجاب بھر سے ہزاروں افراد گورنر چوہدری سرور سے ملاقات کرتے ہیں اور تصاویر بنانا معمول کی بات ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گورنر چوہدری سرور سیاست میں وضعداری کے قائل ہیں، مخالفین کے خلاف کسی مقدمہ یا اس کی حوصلہ افزائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

دوسری جانب بدر رشید کی وزیر ریلوے شیخ رشید اور تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کے ساتھ بھی تصاویر سامنے آئی ہیں جس پر اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ مدعی بدر رشید کا تحریک انصاف کی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، بدر رشید خود کو لیگی کارکن کہلانے میں فخر محسوس کرتے ہیں جب کہ تحریک انصاف کی سینٹرل پنجاب یوتھ کی اس وقت کوئی تنظیم موجود نہیں ہے۔

Related Articles

Back to top button