پاکستانی خبریں

نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج پارٹی کے تاحیات قائدنوازشریف کی زیرصدارت ہوگا۔

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری پر جوابی حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور ملک گیر تحریک چلانے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے اور مستقبل کی حکمت عملی پر پارٹی رہنماوَں کو اعتماد میں لیں گے۔

ترجمان ن لیگ کے مطابق سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہونے والی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گا۔ پی ڈی ایم اور اے پی سی کے فیصلوں اور جمہوریت بحالی تحریک سے متعلق بھی اہم مشاورت ہوگی۔

گزشتہ روز ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور مستقبل کےلائحہ عمل پر مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، محمد زبیر، آصف کرمانی اور راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ پی ایم ایل (ن) کی سی ای سی کے اجلاس سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا تھا۔

نوازشریف نے کہا کہ شہبازشریف کے ساتھ ہونے والے سلوک پر دکھی ہوں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے دیانت داری سے قوم اور ملک کی خدمت کی ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ انشا اللہ جدوجہد مزید تیز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فخر ہے کہ ہمارے ساتھی جرات سے حالات کا مقابلہ کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے سی ای سی اجلاس کے بعد مریم نواز نے پنجاب میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کریں گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق جلسوں میں شرکت کے لیے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی دعوت دی جائے گی۔

Related Articles

Back to top button