پاکستانی خبریں

روشنیوں کے شہر کراچی میں دو ہفتوں سے بجلی کا بحران جاری

روشنیوں کے شہر کراچی میں دو ہفتوں سے بجلی کا بحران جاری ہے اور طلب و رسد میں600 میگا واٹ کا فرق ہونے کے باعث6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

 کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، موسیٰ کالونی اور لیاری کے علاقے بجلی کی بندش سے متاثر ہیں۔موسیٰ کالونی میں گزشتہ رات 9 بجے سے تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو تاحال 190 ملین مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

گیس پریشر میں کمی کا بھی مسئلہ درپیش ہے اور گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ مرمت کیلئےبند 2گیس فیلڈز 30 ستمبر تک فعال ہو جائیں گی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گیس سپلائی میں کمی کے باعث صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ کم گیس پریشر کے باعث بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس پوری استعداد پر چل رہے ہیں۔

کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث چند علاقوں میں عارضی لوڈ مینجمنٹ جاری ہے۔

گیس کی فراہمی تک لوڈ مینجمنٹ کے تحت بجلی فراہم کرنا مجبوری ہے۔

Related Articles

Back to top button