پاکستانی خبریں

پشاور میں جھگڑے کا واقعہ، پولیس کانسٹیبل کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور میں خواتین کے جھگڑے میں پولیس کانسٹیبل نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پشاور میں پولیس کانسٹیبل کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، سی سی پی او نے واقعے کا نوٹس لے کر چوکی انچارج اور ایس ایچ او کو معطل کردیا۔

ذرائع کے مطابق کانسٹیبل سیف الرحمان نے خواتین کے تنازع پر فائرنگ کرکے وزیر گل نامی شخص کو قتل اور اس کے بھائی کو زخمی کردیا۔

مقتول کے لواحقین نے سڑک پر لاش رکھ کر کارخانو چیک پوسٹ کے مقام پر شدید احتجاج کیا اس دوران سڑک پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے احتجاج ختم کروایا، سی سی پی او نے ناصر باغ کے ایس ایچ او کو معطل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، فائرنگ میں اہلکار ملوث ہوا تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل پشاور میں پولیس لاک اپ میں شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، واقعے کے خلاف ایس ایچ او کو معطل کرکے تین اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button