پاکستانی خبریں

پاک فوج کے ساتھ پاکستان کے دفاع کیلئے جان دینےکو تیار بیٹھا ہوں، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ابھی تو ملاقاتوں کا ذکر کیا جب ٹیلی ڈیٹا لیک ہوگا تو نیا شور پڑ جائے گا، مجھے فخر ہے پاک فوج کا ترجمان ہوں اور را کا ایجنٹ نہیں ہوں۔

شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’مریم نواز نے پہلے بھی مروایا اور وہ اب بھی نوازشریف مروائیں گی،نوازشریف نے آل پارٹیز کانفرنس میں جو تقریر کی وہ سجن جندال، مودی اور را کی تقریر تھی۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن نہ استعفے دے گی اور نہ ہی کوئی دھرنا ہوگا، یہ سینیٹ الیکشن سے پہلے پہلے عمران خان سے جھگڑا چاہتے ہیں تاکہ وہ واضح اکثریت سے کامیاب نہ ہوسکیں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملنا اعزاز کی بات ہے، ابھی تو ملاقاتوں کا ذکر کیا جب ٹیلی ڈیٹا لیک ہو گا تو نیا شور پڑ جائے گا، میں را کا ایجنٹ نہیں بلکہ مجھے پاک فوج کا ترجمان ہونے پر فخر ہے‘۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ساتھ پاکستان کے دفاع کیلئے جان دینےکو تیار ہوں،اپنی گن اور کارتوس کے ساتھ پاکستان کا دفاع کروں گا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے والے چور، ڈاکو، لٹیرے سمیت سب جلد جیلوں میں ہوں گے،چور ہمارا ملک لوٹ کر گئے غریب کو اب بغاوت کرنی چاہیے، کرپشن سےجو گندکچرا پھیلاہے اُسے عمران خان ختم کرے گا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’ایک سیٹ ہونے کے باوجود ٹی وی پر سب سے بڑا لیڈر میں ہوں، جہاں یہ جلسہ کریں گے میں بھی وہی جلسہ کروں گا اور قوم کو اصل حالات سے آگاہ کروں گا‘۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ’اللہ نے پاکستان کو کرونا سے محفوظ رکھا ورنہ بھارت میں یومیہ 90 ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں، عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاؤن نے بھی ملک کو کرونا سے بچایا‘۔

ریلوے پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں چین کے ساتھ مل کر پاکستان ریلوے کو ٹھیک کرناہے، میں وہ کچھ نہ کرسکاجو ریلوے مزدوروں کیلئےکرنا چاہئےتھا، ماضی میں 9.1 بلین ڈالر کا جو معاہدہ ہوا تھا ہم اُسے 6.8 بلین ڈالر پر لے کر آگئے، ایم ایل ون کو پشاور سے جلال آباد، تفتان سے قندھار تک لے کر جائیں گے‘۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’جب تک ریلوےترقی نہیں کرے گی، مزدورکی زندگی نہیں بدلےگی، ریلوےکے معاشی حالات کرونا کے بعد مزید خراب ہوگئے اور ہم خسارے میں چلے گئے‘۔

Related Articles

Back to top button