اوکاڑہ: خاتون کو مسلح ڈاکووں نے گھر میں گھس کراجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا

دیپالپور میں شادی شدہ خاتون کو چار مسلح ڈاکووں نے گھر میں گھس کراجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا اور گھر سے طلائی زیوات نقدی قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ،جہاں تھانہ صدر دیپالپورکی حدود میں ڈاکووں نے محنت کش کے گھر میں گھس کر طلائی زیوات نقدی اورقیمتی سامان لوٹا اور گھر کی ایک شادی شدہ خاتون کو اسلحہ کی نوک پر زبردستی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر فرارہوگئے۔

ڈاکووں نے اس کے خاوند اور دیگر گھر والوں کو ایک کمرے میں بند کردیا، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں 7ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی اوکاڑہ عمرسعید ملک متاثرہ فیملی کے گھر پہنچے، جہاں انہوں متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ دیپالپور فارنزک ٹیموں نے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں ، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو گھر سے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان بھی لے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں