کراچی میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے کیا جائے گا، تمام تر انتظامات مکمل

 شہر قائد میں انسداد پولیو مہم کل بروز پیر سے شروع ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام ترانتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں تمام ڈی سیز، محکمہ صحت کے افسران، عالمی ادارہ صحت اور یونیسف روٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کمشنر کراچی کو ای او سی نے بریفنگ دی، بتایا گیا کہ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا چکا ہے، انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہوگی اور 7 روز جاری رہے گی۔

کمشنر کراچی سہیل راجپوت کل صبح ہیلتھ سینٹر بلدیہ میں اس مہم کا افتتاح کریں گے، کراچی کی 8 حساس یونین کونسلوں میں خصوصی ٹیمیں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمشنر کراچی نے سپر ہائی رسک یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں مائیکرو پلان اور مانیٹرنگ نظام کا بھی جائزہ لیا گیا اور مانیٹرنگ کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے کہا مہم کے دوران 22 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، 6 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں اور 2 ہزار سے زائد سپروائزر فرائض انجام دیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا کے پیش نظر ایس او پیز کو سختی سے نافذ کیا جائے گا، کرونا سے بچاﺅ کے لیے فیس ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا۔ اس سلسلے میں والنٹیرز کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ گھر پر دروزاے کو ہاتھ کی بجائے پین یا رولر سے نوک کیا جائے گا۔

اجلاس کے فیصلے کے مطابق پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں