پاکستانی خبریں

پنجاب حکومت کی درخواست پر ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت مؤخر

پنجاب حکومت کی درخواست پر ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت پندرہ دن کے لیے مؤخر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی درخواست پر ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت مؤخر کر دی گئی، الیکشن کمیشن نے آج پنجاب کی ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کرنی تھی۔

پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے ولیج، پنچائت و نیبرہوڈ کونسلوں کے ناموں کی منظوری کے لیے مہلت مانگ لی ہے، دوسری طرف الیکشن کمیشن نے کرونا صورت حال میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق تفصیلی مؤقف طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت آج منعقدہ اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن و دیگر نے شرکت کی، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے لیے کونسلوں کے ناموں کی کابینہ سے منظوری کے لیے وقت درکار ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قانونی پیچیدگیوں سے بچنے، لوکل گورنمنٹ انتخابات یقینی بنانے کے لیے یہ استدعا منظور کی گئی۔

یاد رہے کہ 15 ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کو حکم دیا تھا کہ جلد از جلد مردم شماری کی سرکاری اشاعت کی جائے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے وزارتِ پارلیمانی امور اور وزارتِ قانون کو احکامات جاری کیے۔

Related Articles

Back to top button