پاکستانی خبریں

کراچی میں ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو

کراچی میں ایک بار پھر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا ہے۔ مختلف علاقوں میں بجلی بند رہنے کا دورانیہ بارہ گھنٹوں تک پہنچ گیا۔ جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

نوٹس پر نوٹس، وعدے، یقین دہانیاں، احتجاج اور عدالتی احکامات کچھ کام نہ آیا۔ کے الیکٹرک انتظامیہ نے سب پس پشت ڈال دیا۔

شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ سنگین ہوگیا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شدید گرمی اور بجلی بندش کے باعث شہری بےحال ہوگئے۔

چھوٹے گھراور فلیٹ بجلی کے بغیر تنور بن گئے، بچے، بزرگ اور خواتین دن رات تڑپنے پر مجبور ہیں۔

کراچی میں بجلی کی طلب و رسد میں فرق 600 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے اور لوڈشیڈنگ سے مثتنیٰ علاقوں میں بھی 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لیاقت آباد، گلبہار، ملیر اور لانڈھی میں بھی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

بن قاسم پاور پلانٹ سے بھی بجلی کی پیداوار محدود ہے۔ گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، گلستان جوہرکے علاقے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

بجلی کی عدم فراہمی سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا۔ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔ دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے تاہم کچھ علاقوں میں مرمتی کام ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

Related Articles

Back to top button