پاکستانی خبریں

لائن آف کنٹرول پربلااشتعال فائرنگ پرپاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

لائن آف کنٹرول پربلااشتعال فائرنگ پرپاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کودفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے17 ستمبر کو جندروٹ سیکٹر پرفائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج مسلسل لائن آف کنٹرول پرسیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرررہی ہے۔ رواں برس بھارت نے اب تک فائر بندی انتظام کی 2280 خلاف ورزیاں کی ہیں۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 18 معصوم شہری شہید اور 183 شدید زخمی ہوئے۔

دفترخارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، بھارت 2003 کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔

Related Articles

Back to top button