پاکستانی خبریں

پنجاب میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، کل اسکول آنے والے طالب علموں کی آج چھٹی

ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں، اس سلسلے میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

پنجاب میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں،6ماہ بعد، اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں کھل گئیں، پہلےدن اسکول آنے والے طلبا آج چھٹی کریں گے اور کل چھٹی کرنے والے50فیصد طلبا آج سکول آئیں گے۔

پہلے مرحلے میں میٹرک، انٹرمیڈیٹ کے طلبا کیلئے تعلیمی ادارے کھولے گئے، ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلبا اور اساتذہ کیلئے کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تعلیمی اداروں میں نوٹس بورڈز پر کورونا ایس او پیز چسپاں کردیئے گئے، تعلیمی اداروں میں طلبا کیلئے ماسک کے بغیر داخلے پر پابندی ہے، اسکول میں داخلے کے دوران طلبا کا بخار بھی چیک کیا جارہا ہے۔

انسپیکشن ٹیمز تعلیمی اداروں میں جا کر ایس او پیز چیک کریں گی، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے ادارے کیخلاف کارروائی کی جائے گی، محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ کلاس میں بچوں کے درمیان 3فٹ کا سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول نہ بھیجیں، طبعیت خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں اور اگر ٹیسٹ مثبت آئے تو اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب رواں سال مارچ میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے اور 6 ماہ کے بعد آج 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔

Related Articles

Back to top button