پاکستانی خبریں

دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جدید جیل کی تعمیر کے لیے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری ختم کرنے کیلئے آئینی ترمیمی بل کی بھی منظوری دے دی ۔

اجلاس میں پشاور، لاہور اور راولپنڈی میں اسپیشل کورٹس کے ججز کی تعیناتیوں جبکہ چین اور پاکستان کی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن میں ہونے والے ایم اویو کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے انٹیلی جینس بیورو کو پلاٹس کی الاٹمنٹ کا معاملہ مؤخر کر دیا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی حلف برداری سے متعلق قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ منتخب ارکان پرحلف لینے کے حوالے سے کوئی وقت کی بندش نہیں۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اسحاق ڈار نے بھی بطور سینیٹر حلف نہیں لیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ منتخب ارکان 60 سے 90 دن میں حلف لازمی لیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماسٹر پلان کسی بھی شہر کے لیے ضروری ہے۔ غیرقانونی تعمیرات کی منظوری دینے والوں کے خلاف انکوائری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جیل کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے مشورے سے جیل کی جگہ کا انتخاب کریں گے۔ اسلام آباد جیل کے قیام کے منصوبے کو ریگولرائز کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پر خوشی ہوئی۔ کورونا کے بعد تعلیمی عمل کی بحالی اچھا اقدام ہے۔ پنشن کے اقدامات کو درست کرنے کے لیے اقدامات کیےجارہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ موٹروے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ کسی بھی معاشرے میں ایسے اندوہناک واقعات نہیں ہونے چاہیے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں اسی بندے نے ماں بیٹی کے ساتھ زیادتی کی۔ شہباز شریف نے کل صرف موٹروے کی تعمیر اور لیب کے قیام پر بات کی۔ شہباز شریف نے کل اصل واقعے پر بات ہی نہیں کی۔ مغرب کیا کہے گا اس سے قطع نظر سرعام پھانسی ہونی چاہیے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مسلمان ہونےکے ناطے وہی کریں گے جو اسلام نے ہمیں سکھایا ہے۔ ہم سب مسلمان ہیں اور اسلامی قانون پرعمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے متعلق عدالت نے فیصلہ دے دیا ہے۔ جب یہ لوگ اقتدار میں نہیں ہوتے تو یہ باہر چلےجاتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button