نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، لیگی رہنماؤں کی میڈیا بریفنگ

پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنماوں نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف صحت یاب ہوکر کیسز کا سامنا کریں گے۔

اسلام آباد میں ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پہلے بھی نوازشریف عدالت کے فیصلے کا احترام کر کے واپس آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے نوازشریف کی بیماری کی تشخیص کی۔ میڈیکل رپورٹ کے بعد تمام تسلیوں کے بعد نوازشریف کو جانےکی اجازت دی گئی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلےاگر ہمارے خلاف آئیں تو پھر بھی ہم احترام کرتے ہیں۔ حکومتی لوگ نوازشریف کی بیماری کامذاق اڑا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ارد گرد غیرمنتخب لوگ نوازشریف کی بیماری پر سیاست کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف عدالتی فیصلے پر100 فیصد تعمیل کے لیے تیار ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ نوازشریف جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں۔۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سابق وزیراعظم علاج کراکر واپس آئیں گے اور عدالتوں میں پیش ہوں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف سے متعلق آج عدالت نے فیصلہ سنایا ہے۔ نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سب سےاہم معاملہ نوازشریف کی صحت کا ہے۔ میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے رکھی گئی، قوم کے سامنے بھی رکھتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کیا نوازشریف اس حالات میں ملک واپسی کی پوزیشن میں ہیں؟ نوازشریف کا حق ہے کہ اپناعلاج کرائیں۔ نوازشریف صحت یاب ہوکر کیسوں کا سامنا کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے دائر اپیلوں پر بھی سماعت ہوگی۔ جج ارشد ملک کے معاملے سے متعلق بھی اپیل زیر سماعت ہے۔ نوازشریف کا امتحان نہیں،عدل کے نظام کا امتحان ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پہلے بھی عدالتی فیصلوں کو تحفظات کے باوجود قبول کیا۔ نوازشریف کے خلاف پانامہ کیس بنایا گیا لیکن اقامہ کی بنیاد پر نااہل کیا گیا۔ نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ نوازشریف کے وکیل نے مشرف کیس کا بھی حوالہ دیا۔ مشرف مفرور تھے لیکن ان کو بری الذمہ قرار دیا گیا۔ مشرف فیصلے پراعتراض ہوسکتے ہیں لیکن پھر بھی عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے میڈیکل رپورٹ کےغلط ہونے سے متعلق ثبوت پیش نہیں کیے۔ میڈیکل رپورٹ میں واضح لکھا گیا ہے کہ نوازشریف کیلئے سفر کرنا جان لیوا ہوسکتا ہے۔ عدالت نے اس کے باوجود اپنا فیصلہ دیا،۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو مسلم لیگ ن نے ملک سے باہر نہیں بھیجا۔ وزیراعظم نے نوازشریف کی صحت سے متعلق جو بیان دیا وہ انتہائی نامناسب ہے۔ ماں اور قوم کی دعاوَں سے نوازشریف کی جان بچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ مہنگائی اور بےروز گاری پر قوم کوجواب دیں،۔ وزیراعظم کشمیر کے معاملے پرجواب دیں۔ حکومتی توجہ صرف نوازشریف اور ن لیگ کے خلاف جھوٹے مقدمےبنانے پر ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف پاکستانی معیشت کے معمار ہیں،انہوں نے ایٹمی دھماکے کرائے۔ نوازشریف سےآج بھی لوگ پیار کرتے ہیں۔ جمہوری جدوجہد کے ذریعےسرخرو ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں