اسکول میں پہلا دن زندگی کا آخری دن ثابت، ننھی اریبہ سیڑھیوں سے گر کر زندگی کی بازی ہار گئی

ننھی اریبہ کا اسکول میں پہلا دن زندگی کا آخری دن ثابت ہوا، سہلیوں کے ساتھ ہنستی کھیلتی اسکول آنے والی معصوم بچی سیڑھیوں سے گر کر زندگی کی بازی ہار گئی۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے بچی کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، وزیرتعلیم نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں قائم نجی اسکول ہیپی پیلیس کیمپس تھری میں سہلیوں کے ساتھ ہنسی خوشی اسکول آنے والے ننھی اریبہ اپنی کلاس میں جانے کےلئے سیڑھیوں پر چڑھنے لگی توسر کے بل گر کر جاں بحق ہوگئی۔

اسکول مالک آصف خان کا کہنا ہے کہ طالبہ اریبہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے نیچے گرگئی تھی جس کے بعد اریبہ کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئی۔

آصف خان نے کہا کہ اریبہ کی طبیعت اسکول آتے وقت بالکل ٹھیک تھی اور درجہ حرارت بھی نارمل تھا تاہم طالبہ کو ماسک لگانے کے باعث سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی۔

پولیس نے اسکول مالک کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے،دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے طالبہ کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے، جاں بحق طالبہ کے حوالے سے مکمل رپورٹ جلد وزیر تعلیم کو پیش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں