پاکستانی خبریں

سندھ حکومت نے کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

سندھ حکومت نے کل سے اسکول، کالجز اور جامعات کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نویں، دسویں اور کالجز 15 ستمبر کو کھولے جا رہے ہیں جب کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک اسکول 21 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نرسری، پرائمری سے پانچویں تک اسکول 28 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ اسکول کالجز میں تعلیمی سال 15 ستمبر سے 15 اپریل تک 7 ماہ تک جاری رہے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اسکول ،کالجز اگر ایس اوپیز کیلئے تیار نہیں توشیڈول سےایک یا 2 ہفتے بعد کھولے جا سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکول، کالجز انتظامیہ سرکاری ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گی۔

دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ صوبے میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں، پاکستان میں کورونا وائرس کم ہوا ہے ختم نہیں، بچوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا سکھائیں،محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں تمام اسکولوں کا دورہ کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی اسکول یا علاقے میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تو اسکول بند کردیں گے۔

Related Articles

Back to top button