پاکستانی خبریں

اے پی سی میں روایت سے ہٹ کر مضبوط فیصلے کرنے ہوں گے: فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ہمیں روایت سے ہٹ کر مضبوط فیصلے کرنے ہوں گے، اپوزیشن کے روایتی فیصلوں اور قراردادوں کی کوئی افادیت نہیں ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے لیگی سربراہ کی عیادت کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت سے ملاقات میں سیاسی باتیں نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 20 تاریخ کوبیٹھ رہی ہے، اپوزیشن نے ہی طے کرنا ہے کہ ان کا کتنا حلوا کھانے کا موڈ ہے، اپوزیشن نے طے نہ کیا تو سارا حلوا حکمراں کھائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اے پی سی کی میزبان ہے، ہمیں روایت سے ہٹ کر مضبوط فیصلے کرنے ہوں گے، اپوزیشن کے روایتی فیصلوں اور قراردادوں کی کوئی افادیت نہیں ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ بیروزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے، روپے کی قدر زمین بوس ہوچکی۔

موٹر وے واقعے پر انہوں نے کہا کہ اب اس ملک میں عام خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں، سر راہ خاتون کی عزت پر ڈاکا ڈالنے والے عناصر کو عبرت ناک سزادی جائے، ذمے دار ایسے بیانات دے رہے ہیں جو زخم پر مزید نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو ہوگی جس میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

Related Articles

Back to top button