غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والا بھائی گرفتار، اعتراف جرم کر لیا

سرگودھا پولیس نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والا بھائی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 20 جولائی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کی لاش برآمد کرلی۔

پولیس ذرائع کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے ٹانگوالی کی رہائشی نگہت پروین کی شادی چنیوٹ کے رہائشی وسیم امجد سے ہوئی تھی۔ نگہت کے شوہر نے تھانہ صدر میں اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا تھا اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نگہت پروین کے قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا۔

پولیس کے مطابق بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ قاتل بھائی نے اعتراف جرم کر لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے غیرت کے نام پر چودہ سالہ بیٹی کو قتل کرنے والا باپ گرفتار کرلیا تھا۔

باپ نے بیٹی کو بیلٹوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تشدد سے حالت انتہائی نازک ہونے پر بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے کا ڈرامہ رچا تھا۔

شدید تشدد اور گلا دبانے کی وجہ سے معصوم عروبہ اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں