پاکستانی خبریں

حکومت سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ فراہم کرے، بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے حکومت سے سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں و سیلاب سے نقصانات پر اسلام آباد کے حکمرانوں کی توجہ دلائی، راشن بانٹنے سے متاثرین کے مسائل حل نہیں ہوں گے، موجودہ حکومت سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں زیادہ وقت گزارا، ابھی تو شروعات ہے، پیپلزپارٹی کے ایم این ایز، ایم پی ایزاپنے طور پرمحنت کرتے ہیں، میرپورخاص ،عمرکوٹ، بدین، تھرپارکر میں نقصانات ہوئے، نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے خود متاثرہ علاقوں میں پہنچے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری نے 2011 میں متاثرین کو وطن کارڈ دئیے تھے، پیپلزپارٹی کے جیالے جانتے ہیں حق کے لیے احتجاج کیسے ہوتا ہے، حکومت کو سندھ کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑنے دینگے، اس سال سندھ حکومت کو 200ارب روپے کم دیے گئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو این ایف سی کے شیئرنہیں دیے، بارشوں، سیلاب اور ٹڈی دل سے ملک کے کسان پریشان ہیں، ایمرجنسی ڈکلیئر کرکے چھوٹے کسانوں کی بھی مدد کرنی چاہیے، ملک کے غریب کسان بڑا نقصان برداشت نہیں کرسکتے،عوام کےمسائل کے حل کیلئے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ہر کسان کو معاوضہ دینا چاہئے، سندھ حکومت کی کوشش ہے کسانوں کے لیے اسکیم لے کر آئے، اگلی بار یہاں آئیں گے تو سیاسی سرگرمیاں رکھیں گے۔

Related Articles

Back to top button