پاکستانی خبریں

سی سی پی او لاہور نے موٹروے واقعہ سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دیا: شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سی سی پی او لاہور نے موٹروے واقعہ سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دیا انہیں سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور ریلوے اے سی بزنس کا کرایہ 10 فیصد کم کر دیا ہے۔ ٹرینوں کے اوقات کار کو بھی بحال کیا جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمارا ایم ایل ون انقلابی منصوبہ ہے۔ اب ملک بھر میں گندم اور چینی کی ترسیل ریلوے کے ذریعے کی جائے گی جبکہ کراچی بارش سے ڈوب گیا تھا جس کے باعث ٹرین شیڈول متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے میں 20 گریڈ تک ایسے افسران ہیں جنہوں نے آپریشنل کام نہیں کیا اس لیے ہم کام نہ کرنے والے افسران کا تبادلہ ہیڈ کوارٹر سے دوسرے شہر کر رہے ہیں۔

سانحہ موٹروے پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں موٹروے واقعے کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔ سی سی پی او لاہور نے موٹروے واقعے سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔ اسد عمر نے بھی سوچ سمجھ کر بیان دیا ہو گا وہ ایک ذمہ دار انسان ہیں۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور ش لیگ الگ ہوں گی جس میں ن لیگ پتھر مارنے والی اور ش لیگ سنگ تراش جماعت ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت 5 سالہ مدت پوری کرے گی جبکہ وزیر اعظم عمران خان چینی اور آٹے پر سبسڈی دیں گے۔ کراچی کی بہتری کے لیے وفاق اور صوبے کا ساتھ ہونا اچھی بات ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسحاق ڈار، بانی متحدہ، نوازشریف اور دیگر عدالتوں کو مطلوب ہیں اور جو شخص اسپتال میں ہی داخل نہیں ہوا وہ کس قسم کا مریض ہے جبکہ پینا ڈول کی دوا تو پاکستان میں بھی مل جاتی ہے۔

Related Articles

Back to top button