دو سال کے دوران حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت ہوئی: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ

لاہور میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ دو سال کے دوران حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت ہوئی۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے برآمد کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔ حکومت نے اپنے اخراجات میں کمی کر کے فری ٹیکس بجٹ دیا اور پاک فوج کے بجٹ میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروباری طبقے کو آسان کاروبار کے لیے سہولیات فراہم کیں جبکہ کورونا کے دوران حکومت نے امدادی پیکج بھی دیا اور متاثرین کی مدد کی۔ حکومت نے مستحقین میں رقم بھی شفافیت سے تقسیم کیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم نجی شعبوں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف ایک کروڑ 60 لاکھ افراد کی مالی مدد کی بلکہ حکومت نے پسماندہ طبقے کی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال حکومت نے کوئی ضمنی گرانٹ نہیں دی تاہم اخراجات کو کم کرنے کے لیے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لیے متعدد مراعات دیں۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال کے دوران حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں