اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ، ڈپٹی کمشنر نے خبردار کر دیا

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسلام آباد میں بڑھتے کورونا کیسز سے متعلق بیان پر انہوں نے کہا کہ شہر میں تمام اقسام کی عوامی اجتماعات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلوں پر عمل درآمد کا نفاذ کیا جائے گا، تمام شہریوں سے تعاون کی درخواست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کے مطابق موسم کی تبدیلی کے کورونا کنٹرول پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں آج کورونا کیسز کے548 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 371 اور اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 370 ہوگئی ہے۔

اب تک 2 لاکھ 88 ہزار 2056 کورونا متاثرین سے صحتیاب ہوچکے ہیں اور کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 5 ہزار 795 رہ گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 29 ہزار 534 ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک ملک بھر میں کورونا ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 79 ہزار 655 ہوگئی ہے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں