پاکستانی خبریں

وزیراعظم کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تو گورنر امان اللہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ جام کمال نے استقبال کیا، وفاقی وزراء شبلی فراز، اسدعمر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان ملاقات ہوئی، ملاقات میں بلوچستان کی ترقی کے معاملات ،وفاقی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرگفتگو کی گئی جبکہ وزیراعظم کو بلوچستان حکومت کےترقیاتی اقدامات ،امن وامان صورتحال پربریفنگ بھی دی۔

وزیراعظم نے صوبائی ترقیاتی پروگرام اور قیام امن کیلئےاقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے جام کمال کی قیادت میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کی تعریف کی۔

عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم کو بلوچستان میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور ریلیف کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے وزیر اعظم نے قومی ترقیاتی کونسل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو فراہم کیے گئے لیکن فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا جاتا رہا، جس سے صوبے کا بڑا حصہ پسماندگی کا شکار رہا ،عوام میں احساس محرومی نے جنم لیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں بلوچستان کی عوام کے احساسِ محرومی کا مکمل ادراک ہے، جس کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button