پاکستانی خبریں

بھارتی فوج اشتعال انگیزی سے باز نہ آئی، فائرنگ کے نتیجے میں 3 شہری زخمی

بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہ آیا اور ایک بار پھر ایل اوسی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین شہری زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر سیزفائر معاہدے کی کھلی خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے ایک بار پھر بیدوری سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں تین شہری زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دے کر دشمن کو بھار ی جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے ایل او سی پر سول آبادی اور پاک فوج کو نشانہ بنایا تھا، اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے حوالدار لیاقت نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

اس سے قبل واضح رہے لائن آف کنٹرول چکھوٹی سیکٹر پر تعینات جوانوں نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے بھارت کے جاسوس کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی کواڈ کاپٹر لائن آف کنٹرول سے پاکستانی علاقے میں 500 میٹر اندر تک داخل ہوچکا تھا جس کو فوری طور پر نشانہ بنا کر گرایا گیا، لائن آف کنٹرول پر اب تک گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز (کواڈ کاپٹر) کی تعداد گیارہ تک پہنچ چکی ہے۔

Related Articles

Back to top button