وزیر اعظم عمران خان نے ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ، سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا

وزیر اعظم عمران خان نے ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا، انھوں نے پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا اور وہاں مقیم افراد سے بات چیت کی۔

 آج اسلام آباد میں ترلائی کے علاقے ڈماڈل میں پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر مکمل ہو گیا ہے، وزیر اعظم نے شیلٹر ہوم کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا، اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی پہچان امیر لوگوں کے طرز زندگی سے نہیں ہوتی، قوم اپنے غریب طبقے کے طرز زندگی سے پہچانی جاتی ہے، مہذب معاشروں کا تصور صرف امیر ہونے میں نہیں، دیکھا جاتا ہے کہ قوم غریبوں اور کم زوروں کو کیسے تحفظ دیتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا شوکت خانم بنایا تو 70 فی صد غریبوں کے مفت علاج کا ارادہ کیا، ایسا ہی تصور پاکستان کے لیے سوچتا ہوں، غریب آدمی کی عزت اور ضروریات کا خیال رکھنا ہماری ترجیح ہے، پورے پاکستان میں غریبوں کو ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ وزیر اعظم کی اسلام آباد میں قائم پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہ بنانے کی ہدایت کے بعد یہ پہلا شیلٹر ہوم ہے جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بہتر انفرا اسٹرکچر، کیٹرنگ اور رہائشی معیار کے ساتھ دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے معیاری خدمات انجام دے رہا ہے۔

آئندہ تین ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام 5 پناہ گاہوں کو ری ماڈل کیا جائے گا اور بعد میں بتدریج پورے ملک میں پناہ گاہوں کو ری ماڈلڈ پناہ گاہوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمٰن نے وزیر اعظم کو پناہ گاہ میں انتظامی امور اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے دورے کے دوران پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا، پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی، اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔

وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے مواصلات مراد سعید، مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز اور دیگر اعلیٰ عہدے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں