پاکستانی خبریں

شہداء کی قربانیوں کے باعث آج دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیوں اور غازیوں کی جرات کے باعث آج دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مناواں میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن شہداء اور غازیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، آج ہم غازیوں اور شہیدوں کی وجہ سے آزاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے خلاف ہمیشہ ہمارے جوانوں نے بہادری کے بھرپور جوہر دکھائے، یہ شہداء قوم کے وہ سپوت ہیں جنہوں نے جان دیکر ملک کی حفاظت کی، ان غازیوں کو سلام جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا،

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء اور غازیوں کی وجہ سے آج ہم محفوظ ہیں، آج دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور مودی نے کشمیریوں پر ظلم و زیادتی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم متحد ہو کر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہے تو کشمیر آزاد ہو گا اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر آزاد ہو گا۔

Related Articles

Back to top button