پاکستانی خبریں

کراچی میں متبادل لائنوں سے سیوریج کے پانی کی نکاسی کی جارہی ہے: ترجمان واٹر بورڈ

کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنیں دھنسنے پر ترجمان واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ متبادل لائنوں سے سیوریج کے پانی کی نکاسی کی جارہی ہے۔

پاکستان کے معاشی حب کی حالت پہلے ہی خراب تھی کہ مون سون بارشوں نے شہری و صوبائی حکومتوں کے دعووں کی پول کھول دی، بارشیں تھمنے کے باوجود شہر بھر میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

بارش کے پانی اور کچرے کے باعث مختلف علاقوں میں سیوریج کی لائنیں دھنسنے کے واقعات پیش آرہے ہیں، جس پر ترجمان واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ سیوریج کی لائنیں دھنسنے سے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھنسنے والی لائنوں کی تبدیلی کا ہنگامی بنیادوں پر دن رات کام جاری ہے جبکہ متبادل لائنوں سے سیوریج کے پانی کی نکاسی کی جارہی ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ خودکار مشینوں کے ذریعے بھی جمع پانی نکالا جارہا ہے، دو سے تین دن میں متاثرہ لائنیں تبدیل کردی جائیں گی۔

Related Articles

Back to top button