پاکستانی خبریں

وزیراعظم عمران کی رواں ہفتے ”کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے وفاق بھرپور کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین این ڈی ایم اےلیفٹیننٹ جنرل محمدافضل ، وفاقی وزرااسدعمر،علی زیدی،متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز،سینئرافسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘پر عملدرآمد کیلئے حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کو کراچی کے مسائل، پانی، سیوریج، نالوں کی صفائی پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ سےمتعلق عوام کی مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ مسائل کے مستقل حل کیلئے مجوزہ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘پر بریفنگ جاری ہے، ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘مسائل اور معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے وفاق بھرپور کردار ادا کرے گا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button