پاکستانی خبریں

یومِ عاشور کے پرامن اختتام پر وزیر اعظم کا عوام سے اظہارِ تشکر

عاشورہ کے پرامن اختتام پر وزیر اعظم عمران خان نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے پرامن اختتام پر قوم کا مشکور ہوں۔

عمران خان نے تحریر کیا کہ عاشورہ پر فرقہ واریت کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی اطلاع ملی تھی، فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔

دوسری جانب عاشورہ پر بہترین سیکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو شاباش دی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت ہر شہر میں امن عامہ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، فوج، رینجرز، انتظامیہ سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کابینہ کمیٹی اراکین نے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا، آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور پر شہر شہر ماتمی جلوس، تعزیے، شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کے جلوس نکالے گئے۔

اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات بہترین رہے اور کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

Related Articles

Back to top button