پاکستانی خبریں

سندھ میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری، کراچی کے مختلف علاقوں میں 32 میڈیکل کیمپ قائم

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سندھ میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں آرمی موبائل اسپتال قائم کر لیے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، شدید بارشوں سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کراچی کے مختلف علاقوں میں 32 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقوں سرجانی، سعدی ٹاؤن اور قیوم آباد میں 3 آرمی موبائل اسپتال قائم کیے گئے ہیں، سرجانی ٹاؤن میں 50 بستروں کا اسپتال قائم کیا گیا، مختلف علاقوں میں متاثرین کے لیے 56 امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے، جن میں لیاری، گارڈن، کلفٹن، کیماڑی، صدر، گلبرگ، کچی آبادی، لیاقت آباد، ملیر، کورنگی، ضلع شرقی کے علاقے شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی کے 9 مختلف مقامات پر ڈی واٹرنگ کی گئی، پاک فوج کے جوان متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد کے 2 مقامات پر بھی ڈی واٹرنگ کی گئی، حیدآباد میں متاثرہ افراد کو تیار کھانے کی بھی فراہمی کی گئی، دادو میں بھی پاک فوج نے 350 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، دادو کے متاثرہ افراد میں کھانے پینے کی اشیا بھی تقسیم کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بدین میں پاک بحریہ نے میڈیکل کیمپ قائم کیا، بدین کے 5 متاثرہ دیہات میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

 

Related Articles

Back to top button