پانی پانی؛ کراچی میں پھر بادل برسنے لگے

موسلا دھار بارش کے باعث نظام زندگی مکمل طورپردرہم برہم ہوگیا ہے۔ شہرمیں متعدد سڑکیں اور شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گھروں میں پانی گھس گیا۔ سامان بہہ گیا۔ مصیبت کے ماروں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 223.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ سرجانی میں 193.1، کیماڑی میں 167، نارتھ کراچی 166.6، ناظم آباد 159.1، پی اے ایف بیس مسرور پر 148.5,صدر 136,لانڈھی میں 121، پی اے ایف بیس مسرور پر 148.5، صدر 136، لانڈھی میں 121، اولڈ ائرپورٹ 109.9, جناح ٹرمینل 104.2، سعدی ٹاون 101.7، یونیورسٹی روڈ 68.7، گلشن حدید 49 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی

عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے صوبائی حکومت نے شہر میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔ تمام سرکاری اور نجی ادارے بند ہیں تاہم بلدیات، صحت، واٹر بورڈ، پی ڈی ایم اے اور ریونیو کے دفاتر کھلے ہیں۔

چار روز تک وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کا پانی کنٹینرز، بسوں اور کاروں کو کھلونوں کی طرح بہا لے گیا۔

بارش کے پانی سے موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں جب کہ گلیاں اور محلے تالاب میں تبدیل ہوگئے۔ جس کے باعث شہریوں کو گھروں کی چھتوں اور بالائی منزلوں پر پناہ لینی پڑی۔

موسلادھار بارش سے سرجانی ٹاؤن پھر ڈوب گیا۔ کریمی چورنگی سے آنے والا ریلا یوسف گوٹھ میں داخل، بسم اللہ ٹاؤن، سیکٹر فور بی اور یوسف گوٹھ بھی مکمل ڈوب گئے۔

گجر نالہ اوور فلو ہونے سے بفرزون سیکٹر سولہ اور گلبرگ کے علاقے بھی پانی میں گھر گئے۔ ایف بی ایریا بلاک فائیو، ناگن چورنگی، سخی حسن چورنگی، حیدری اور نارتھ ناظم آباد بھی زیرِ آب آگئے۔

کراچی کا اورنگی نالہ بپھر گیا گلبہار، اتحاد کالونی، کشمیری محلہ اور اطراف کی آبادی میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ کشمیری محلے میں دس فٹ تک پانی جمع ہو گیا اور مکینوں کو نقل مکانی کرنی پڑی۔ کئی خاندان گھروں کی بالائی منزلوں پر محصور ہوکر رہ گئے۔

بارشوں کے بعد نکاسی آب کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے اور اہم شاہراہوں سمیت متعدد علاقوں میں پانی جمع ہے۔ شہر کے انڈر پاسز سے بھی پانی نہیں نکالا جاسکا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

کے پی ٹی ، ناظم آباد، لیاقت آباد، غریب آباد، سہراب گوٹھ، شاہراہ قائدین، بحریہ ٹاوَن اور کلفٹن انڈر پاسز بند کردیے ہیں۔ پانی بھر جانے کی وجہ سے ہوٹل مہران، گولیمار، ڈرگ روڈ، سب میرین، طارق روڈ، بحریہ ٹاوَن سپرہائی وے اور ہل پارک انڈرپاسز بند کردیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں