پاکستانی خبریں

بارشوں کے باعث ٹرین آپریشن شدید متاثر، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید بارشوں نے ٹرین آپریشن کو بھی متاثر کیا ہے اور کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی تمام مسافر ٹرینوں کی آمدورفت میں 2 سے 4 گھنٹوں کی تاخیر دیکھنے میں آئی، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے سبب کراچی سٹی اور کینٹ اسٹیشنز پہنچنے والی قریباً تمام مسافر ٹرینیں اپنے شیڈول ٹائم سے 2 تا 4 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی پہنچیں اور اسی مناسبت سے یہاں سے روانہ ہوئیں۔

جس کے باعث مسافروں خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کو سخت دقت اٹھانا پڑی، جو بارش کی وجہ سے انتہائی مشکل سے اسٹیشن تو پہنچ گئے، مگر گیلے کپڑوں اور گیلے پلیٹ فارمز پر پہلے ٹرین کے انتظار اور پھر اس کی روانگی میں تاخیر کے سبب سخت پریشانی سے دوچار رہے۔

جب کہ اندرون ملک سے آنے والے مسافر اسٹیشنز کے باہر پبلک ٹرانسپورٹ کی تلاش میں سرگرداں نظر آئے اور منہ مانگے کرائے ادا کرکے مشکل سے اپنی اپنی منزل کے لیے روانہ ہوئے۔

Related Articles

Back to top button