پاکستانی خبریں

ناران، کاغان اور شوگراں کے علاوہ کون کون سے علاقے کھول دیے گئے؟ سیاحوں کے لیے بڑی خبر

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی انتظامیہ نے ناران، کاغان اور شوگران سمیت سیاحتی مقامات میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر تمام ہوٹلز 3 روز بند رکھنے کے بعد دوبارہ کھول دیے۔

ہوٹلز کو اپنے احاطے میں کلورین کا اسپرے اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے اسٹاف کے اراکین کا قرنطینہ مکمل کرنے کی صورت میں دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

مانسہرہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مقبول حسین نے کہا کہ ہوٹلز کو کھولنے کا فیصلہ سیاحوں کی بڑی تعداد کی شمالی اضلاع میں آمد کے پیش نظر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے شوگران، ناران اور کاغان سمیت ضلع بھر میں تمام ہوٹلز دوبارہ کھول دیے ہیں اور سیاحوں کے داخلے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے’۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ‘ہوٹل انتظامیہ کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ کووڈ-19 کی ایس او پیز پر عمل کیا جائے اور ناکامی کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے جن 5 ہوٹلوں کی جانب سے پابندی کی خلاف ورزی کی گئی تھی، ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، تاہم ہوٹلوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

مقبول حسین نے کہا کہ ہوٹلوں میں موجود کووڈ-19 کے متاثرین کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہوٹل انتظامیہ ان کے پاس آنے والے مہمان کے کسی علامت میں مبتلا نہ ہونے کی تصدیق کے بعد کمرے فراہم کرے گی۔

ہزارہ ڈویژن کے کمشنر ریاض محسود نے بھی تصدیق کی کہ تمام بند ہوٹلوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘تمام ہوٹلوں کو تین روز بند رکھنے کے بعد کھولنے کی اجازت دی گئی ہے اور ہوٹلوں میں باقاعدہ اسپرے کیا گیا’۔ریاض محسود کا کہنا تھا کہ علاقے میں سیاحوں کی تعداد زیادہ تھی اور کورنا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انتظامیہ ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی کوشش کر رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاح بھی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ کمشنر کے مطابق سیاحتی مقامات پر وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ناران اور کاغان میں تقریباً 33 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ علاقوں میں ہوٹلوں کے اسٹاف کے تمام اراکین کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے اور گائیڈ لائنز پر عمل کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے سیاحتی مقامات میں کووڈ-19 کے 47 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اتوار کو شوگراں، ناران اور کاغان کے تمام ہوٹلز سیل کردیے تھے۔

Related Articles

Back to top button