پاکستانی خبریں

جیلوں میں قید بےسہارا اور مصیبت زدہ خواتین کیلئے تبدیلی سرکار کا اہم فیصلہ

وزیراعظم عمران خان جیلوں میں قید بےسہارا اور مصیبت زدہ خواتین کی حالت زار بہتر بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کرلیا اور شیریں مزاری کو اٹارنی جنرل سے مشاورت کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں قید بےسہارا خواتین سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے معمولی جرائم میں قید خواتین کو گھر کے قریب جیلوں میں رکھنے کے اقدامات تیز کردیئے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیرشیریں مزاری کواٹارنی جنرل سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے قید بےسہارا اور مصیبت زدہ خواتین کی حالت زار بہتر بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم نے انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری سے تفصیلی مشاورت کی ، ملاقات میں وزیراعظم کو جیلوں میں قید خواتین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سفارشات پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے جیلوں میں قید خواتین کے حوالے سے مقررہ وقت سے پہلے جامع رپورٹ تشکیل دینے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مہذب معاشروں کی پہچان انسانی حقوق کےتحفظ کویقینی بنانےسے ہوتی ہے ، انسانی حقوق کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار کا نوٹس لیا تھا اور جائزہ لینے کے لئے وزیر برائے انسانی حقوق کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی تھی اور چار ماہ میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Related Articles

Back to top button