پاکستانی خبریں

بین الپارلیمانی یونین کی صدر گبریلا کویس بیرن کی پاکستان آمد، اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقات متوقع

بین الپارلیمانی یونین کی صدر گبریلا کویس بیرن پاکستان پہنچ گئیں وہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی صدر اور میکسیکو کی سیاسی رہنما گبریلا کویس بیرن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر پہنچی ہیں۔ سینیٹر مرزا آفریدی اور ایم این اے شیر علی ارباب نے صدر آئی پی یو کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

سینیٹر مرزا آفریدی نے کہا کہ پاکستان بین الپارلیمانی یونین کو اہم سمجھتا ہے اور امید ہے ادارہ جاتی تعاون کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ سینیٹ نے اس فورم پر مستقل طور پر فعال اور مضبوط کردار ادا کیا۔

اپنے 5 روزہ دورے کے دوران گبریلا کویس بیرن وزیر اعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وہ چکوال، لاہور، پسنی اور گوادر کا بھی دورہ کریں گے۔

چیئرمین سینیٹ انٹر پارلیمانی یونین کی صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

واضح رہے کہ رواں برس جولائی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عالمی پارلیمنٹری یونین کے صدر کا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ کو نامزد کیا جس کا انتخاب رواں برس دسمبر میں ہو گا۔ چیئرمین سینیٹ پہلی مرتبہ اس انتخاب میں حصہ لیں گے۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارت نے بین الپارلیمانی یونین کی 131 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان سے شکست تسلیم کر لی تھی جسے پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں پاکستان کی تاریخی فتح قرار دیا گیا۔

سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں منعقدہ بین الپارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر کے انتخاب کے لیے پاکستان اور بھارت کے مابین انتخابی مقابلہ ہونا تھا جس سے پہلے ہی گزشتہ برس اکتوبر میں بھارتی کانگریس کے رکن نے ہار مان لی۔

Related Articles

Back to top button