پاکستانی خبریں

کراچی کے فیصلے وفاق کے بجائے کراچی والوں کو کرنے کا حق ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے شہر قائد سے متعلق کہا ہے کہ لسانیت اور نفرت کی سیاست نے کراچی کو مسائل کا انبار بنایا، اسی لیے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے خواب والے ہوش میں آئیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار کراچی کی آرگنائزیشن کمیٹی اور سندھ حکومت کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران کیا، وقار مہدی نے اجلاس کے شرکا کو شہر قائد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران شرکا نے کراچی کی ترقی سمیت سیاسی صورتحال پر غور کیا اور شہر قائد میں پی پی کی تنظیم نو پر بھی مشاورت کی گئی۔

بلدیاتی اداروں کے خاتمے کے بعد ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا جبکہ سرکاری افسران یا سول سوسائٹی سے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے آپشنز پر بھی غور کیا گیا اور اجلاس میں ایڈمنسٹریٹرز کا کراچی سے تعلق ہونے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ شہر قائد کی ترقی کیلئے پی پی نے مثالی کردار ادا کیا، کراچی کے مسائل کا حل صرف اور صرف پیپلز پارٹی ہے۔

پی پی عوام کی جانب سے دیئے اختیارات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی، سندھ حکومت کراچی میں بہت اچھا کام کررہی ہے اور کراچی کے مسائل کے حل میں تسلسل پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے خواب والے ہوش میں آئیں، کراچی کے فیصلے وفاق کے بجائے کراچی والوں کو کرنے کا حق ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ لسانیت اور نفرت کی سیاست نے کراچی کو مسائل کا انبار بنایا۔

Related Articles

Back to top button