پاکستانی خبریں

نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر لندن گئے، دفتر خارجہ سے درخواست کریں گے انکو وطن واپس لایا جائے، شبلی فراز

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ کو کہیں گے نواز شریف کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں، ان کو پاکستان واپس لانا ضروری ہے۔

آج پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر لندن گئے تھے، دفتر خارجہ سے درخواست کریں گے نواز شریف کو وطن واپس لایا جائے۔

انھوں نے کہا نواز شریف کو واپس پاکستان 6 ماہ میں آنا تھا، پنجاب حکومت نے ان کی میڈیکل رپورٹ طلب کی تھی لیکن ان کی جانب سے میڈیکل رپورٹ نہیں بھیجی گئی، اب حکومت قانون کے مطابق فیصلے کرے گی، ہم ہر قانونی ذرائع استعمال کر کے نواز شریف کو واپس لائیں گے، انھوں نے اب تک عدالتوں کو جواب نہیں دیا، وہ لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں سیاست کر رہے ہیں۔

ایف اے ٹی ایف کے تناظر میں انھوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف بل کو سپورٹ نہ کیا تو ملک دشمنی ہوگی، اپوزیشن ایف اے ٹی ایف بل پر ووٹ ملک کے خاطر دیں، ہم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا اپوزیشن ملکی مشکلات کے باوجود حکومت کو سیاسی بلیک میل کر رہی ہے، ایف اے ٹی ایف بلیک لسٹ میں جانے سے کسی بھی ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ اپوزیشن اس کے خطرات سے بخوبی آگاہ ہے، اس لیے اس نے بل کی آڑ میں این آر او لینے کی کوشش کی، لیکن عمران خان پہلے بلیک میل ہوئے نہ اب سیاسی بلیک میلنگ میں آئیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا ایف اے ٹی ایف کے تحت ہمیں نئی قانون سازی کرنا ضروری تھی۔ ستمبر میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے یا ہٹانے کا فیصلہ ہوگا۔ اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ بات کر کے این آر او حاصل کرے۔ اپوزیشن کی جانب سے نیب قوانین سے متعلق مسودہ بھی بھیجا گیا، اپوزیشن کہتی ہے 37 پوائنٹس میں سے 34 پوائنٹس تبدیل کر دیں لیکن وزیر اعظم بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

Related Articles

Back to top button