پاکستانی خبریں

این آر او دینے سے متعلق حکومتی پالیسی، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا انکشاف، اہم خبر جانیے

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تیسرا سال پی ٹی آئی حکومت اورعمران خان حکومت کا مثالی سال ہوگا، عمران خان کوئی بھی فیصلہ کرسکتا ہے مگر ان کو این آر او نہیں ملے گا، ان کی خواہش پر پانی پھر جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سارے لوگ اپنی رپورٹ پیش کررہے ہیں تو ہم نے سوچا ہم بھی عوام کی عدالت میں پیش ہوں۔ ایم ایل ون کی ایکنک سےمنظوری ہوئی ہے، ایم ایل ون کا ٹینڈر بھی اسی ماہ ہوجائےگا، ایم ایل ون کی منظوری کا کریڈٹ وزیراعظم اور آرمی چیف کوجاتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون سے کراچی تا لاہور کا سفر 8 گھنٹے کا رہ جائےگا۔ ہمیں 150سال پہلےکے ٹریک ملے ہیں، تمام پھاٹک ختم ہوجائیں گے۔ سگنل سسٹم نیاہوجائےگا، ٹرین کےکچھ حادثات ہوئے جو ہمارے لئے باعث تکلیف تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پارٹیوں میں آپس کی گروپنگ ہے ، کوئی شک نہیں کہ مسائل ہیں پوری کوشش کی کہ ازالہ ہوسکے۔ یہ پی ٹی آئی حکومت اور پاکستان کی ترقی کا مثالی سال ہوگا۔ باتیں کرنیوالے سارے لوگ نیب زدہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان این آراو نہیں دے گا۔ ان کی خواہش دل میں ہی رہےگی۔ عمران خان کوئی بھی فیصلہ کرسکتا ہے مگر ان کواین آر او نہیں ملے گا۔ ان کی این آراو کی خواہش پر پانی پھر جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انگریز کے بعد عمران خان کے دور میں ریلوے کو نئی زندگی مل رہی ہے۔ آٹے کے کنٹینر آنے والے ہیں یا آچکے ہیں۔ کابینہ میں تجویز پیش کروں گا کہ چینی امپورٹ کریں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اے پی سی پرکہا تھا کہ عید کے بعد محرم اورپھر ربیع الاول ہوگا۔ تیسرا سال پی ٹی آئی حکومت اورعمران خان حکومت کا مثالی سال ہوگا۔ بہت سارے لوگ باتیں کررہے ہیں یہ سب کےسب نیب زدہ ہیں۔ نیب دونوں اطراف موو کرے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اب ان تلوں میں تیل نہیں ہے۔ عمران خان5سال پورے کریں گے۔ اپوزیشن بھی جرات نہیں کرسکتی کہ ملک میں اسرائیل کی بات کرے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بہت سارے لوگ نااہل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کا کیس سنجیدہ دیکھ رہاہوں۔ مریم نواز کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ لندن جانےدیاجائے۔  مریم نواز نے مایوس ہوکر گاڑی پر پتھراؤ کرایا۔ مریم نواز نے پھر میڈیا پر یہ دکھایا کہ میری گاڑی پر پتھراؤ ہوا۔ سیاسی زندگی میں ایسا جلوس نہیں دیکھا جو پتھر بھی گھر سے لیکرآئے ہوں۔ پہلے بھی نوازشریف کو مروایا ہے اب بھی ن لیگ کو مروائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ لوگ طعنے دیتے تھے 5 سال کیسے پورے کریں گے۔ عمران خان وہ انجن ہے جس کے پیچھے میرے جیسے ٹوٹے پھوٹے ڈبے بھی لگے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کے سی آر کو بھی اسی سال اپنی حد تک پورا کرنےجارہےہیں۔ گرین لائن کو بریج دیناسندھ حکومت کا کام ہے۔ سندھ حکومت راستہ دے تو کراچی میں کے سی آر اپنے حصے کا بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا انگریز نے جو ٹریک چھوڑا تھا وہ بھی غائب ہوگیا ہے۔ ہم نے ریلوے کی 400ایکڑ زمین خالی کرائی ہے۔ ٹریک نیا بنے گا، گاڑیاں بھی نئی چلیں گی۔

Related Articles

Back to top button