پاکستانی خبریں

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی اور کراچی کے عوام کو پیپلزاسکوائر کے طرز پر جگہ جگہ منصوبے بنائیں گے اور مسائل کم کریں گے۔

بلاول بھٹوزرداری نے کراچی میں پیپلزاسکوائر کی افتتاحی تقریب میں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘آج ہم کراچی میں خصوصی یوم آزادی منارہے ہیں اورمنصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں سمجھتا ہوں کہ یہ منصوبہ کراچی اور کراچی کی گورننس، عوام کے مسائل میں کمی لیے ایک انقلاب کی شروعات ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کی طرف توجہ دی ہے اور ہماری مسلسل شکایت ہے کہ ہمارے صوبے بلکہ پوری صوبائی حکومتوں کو این ایف سی اوراٹھارویں ترمیم کے بعد ان کا حق نہیں دیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے وسائل کی کمی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں’۔

پیپلزاسکوائر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ‘ہمیں جب بھی موقع ملا تو اپنے حق کے لیے جدوجہد کریں گے لیکن اپنے کم وسائل میں دوسرے کام نکال رہے، عوام کے مسائل کا حل پھر بھی نکالتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘سندھ حکومت نے اس منصوبےمیں ورلڈ بینک سے سخٹ قرض لیا ہے لیکن وفاقی حکومت سے نہیں ملا، ہم ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر خاص کر عوامی مقامات پر سرمایہ کاری کررہے ہیں’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘کراچی میں ترقیاتی کام کا منصوبہ ہے اور یہ سب سے پہلا عوامی مقام اور پیپلز اسکوائر بنایا ہے، عوامی مقامات ہر معاشرے کے لیے ضروری ہے اور دنیا میں بڑے شہروں میں عوامی مقامات کا استعمال کیا ہے’۔

پیپلزاسکوائر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘یہ منصوبہ بھی کراچی کے عوام کے لیے دستیاب ہوگا اور نیچے پارکنگ کی سہولت ہے، سندھ سیکریٹریٹ میں صوبے بھر سے عوام آتے ہیں، نزدیک کالج، جامعات اور ثقافتی مرکز آرٹس کونسل بھی ساتھ ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘سیوریج، سٹوریج اور یوٹیلٹی نظام کو زیرزمین کیا ہے اور اس سے یہاں کے عوام کو فائدہ ہوگا اور یہ مون سون کے سیزن میں سود مند ہوگا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پیپلزاسکوائر طلبہ، کلچرل کمیونٹی اور سرکاری ملازمین کے لیے ایک مرکز ہوگا اور پورے کراچی میں اس بنیاد پر بہتری کی جانب لے جائیں گے’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘یہ منصوبہ ہمارا پہلا مرحلہ ہے، ملیر میں بھی منصوبے چلارہے ہیں اور 30 ستمبر سے منصوبے پر کام شروع کریں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ملیر میں منصوبے پر کام ہوگا اور ابراہیم حیدری میں بھی سیوریج اور یوٹیلیٹی نظام کو سڑکوں کے نیچےبنائیں گے تاکہ عوام کے لیے سہولت ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے کا پہلا مرحلہ ہے، اس کے بعد دوسرے مرحلے میں سندھ حکومت ورلڈ بینک کے ساتھ دوسرے علاقوں میں بھی کام کرے گی۔

منصوبوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم اولڈ سٹی ایریا میں بھی کام کریں گے اور جو پارکس ہیں وہاں بھی یہ تصور لے کر آئیں اورآرام باغ کی مسجدکی بھی تعمیر نو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ‘کھارادر میں وزیرمینشن میں جہاں قائد اعظم محمد علی جناح پیدا ہوئے تھے ، وہاں بھی اسی طرح کا منصوبہ شروع کریں گے اور پورے کراچی میں سیوریج اور دیگر نظام کو زیرزمین لے کر جائیں گے تاکہ تاریخی مقامات کا تحفظ ہوگا اور عوام کے مسائل کو کم کریں گے’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘پیپلزپارٹی کا کراچی سے رشتہ بہت پرانا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایس ایم لا کالج میں قانون پڑھاتے تھے، لیاری کے ککری گراؤنڈ میں نوجوانوں کے لیے سہولتیں فراہم کریں گے، جہاں شہید بینظیر بھٹو اورآصف زرداری کی شادی کی تقریب ہوئی تھی’۔

Related Articles

Back to top button