پاکستانی خبریں

کورونا کی وبا کے دوران قوم کومتحد کرنے کےبجائے وسائل چھیننے کی کوشش کی گئی: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی (پ پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران قوم کومتحد کرنے کےبجائے وسائل چھیننے کی کوشش کی گئی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سارے مسائل کی جڑ این ایف سی کا حصہ مسلسل نہیں ملنے کا نتیجہ ہے، آج تک کسی صوبے کو اس کا حق نہیں دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس این ایف سی پر ہم رونا رو رہے ہیں اس پر بھی ہمارا حق نہیں دیا جارہا ہے، پچھلے سال سندھ کے حصے سے 116 ارب روپے کی کمی پر بات ہوتی تھی اور اس سال 200 ارب سے زیادہ حصہ کم کردیا گیا ہے اوریہ ہر صوبے کے ساتھ مسلسل کیا جارہا ہے۔

بلاول نے کہا کہ دنیا میں چاہے جس طرح کا بھی نظام حکومت ہو وہ کورونا جیسے مسائل پر پوری قوم ایک ہوتی ہے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کورونا جیسی وبائی صورت حال میں بھی ملک کے وسائل چھیننے کی بات ہورہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میرے صوبے میں مون سون کی تاریخی بارش سے عوام کے لیے مسائل کھڑے ہوئے اور کراچی میں کوئی مشکل ہوتی ہے تو صوبے کے دیگرعلاقوں کی طرح تشویش کی بات ہے۔

بلاول نے کہا کہ ہم ایک بحران سے گزرے اور بارش کا ایک اور اسپیل آیا جس سے نقصان ہوا پھر وفاق کو خیال آیا کہ سندھ کے دارالحکومت میں کوئی بحران ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے اس لیے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو بھیجا گیا، ہم این ڈی ایم اے کا شکرگزار ہیں کیونکہ دیر آید درست آید تاکہ مل کر مسائل کو حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب عوام مشکل میں ہوتو وفاق کی نیت صاف ہونی چاہیے لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اس صوبے کے عوام کے لیے وفاق کی بدنیتی نظر آتی ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ڈیزاسٹر اور بحران میں اس طرح سیاست نہیں کھیلی جاتی، جب عوام ایک دکھ سے گزر رہے ہیں تو ہم ان سے حق کیسے چھین سکتےہیں۔

Related Articles

Back to top button