پاکستانی خبریں

بھارت میں11 پاکستانی ہندو مہاجرین کی پراسرار موت، معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ

پاکستان ہندو کونسل نے بھارتی حکومت کو بھارتی شہر جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندو مہاجرین کی پراسرار موت کا ذمہ دار قرار دے دیا اور مطالبہ کیا حکومت پاکستان اس اندوہناک واقعے کو عالمی سطح پر اٹھائے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندو مہاجرین کی پراسرار موت رپر پاکستان ہندو کونسل نے بھارتی حکومت کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

سربراہ پاکستان ہندو کونسل ورکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے بیان میں کہا کہ حکومت پاکستان اس اندوہناک واقعے کو عالمی سطح پر اٹھائے، ہندو خاندان 2012 میں سندھ سے بھارت نقل مکانی کرگیا تھا۔

ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ متنازع بھارتی شہریت قانون سیکولرازم پر سوالیہ نشان ہے، افسوس بھارت میں انہیں بے رحم حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا۔

سربراہ پاکستان ہندو کونسل نے مزید کہا کہ پاکستان ہندوتارکین وطن کی پراسرار موت افسوسناک ہے، ہندوخاندان کا تعلق شہدادپور کے گاؤں کی بھیل کمیونٹی سے ہے۔

یاد رہے تھرپار سے تعلق رکھنے والا ہندو خاندان کچھ عرصہ قبل راجھستان میں آباد ہوگیا تھا، ہندو خاندان نے جودھ پور کے علاقے ڈیچو کے لوڈتہ گاؤں میں سکونت اختیار کی تھی۔

مقامی افراد کے مطابق خاندان کے افراد پر اسرار طور پر صبح مردہ پائے گئے، گیارہ افراد کے اموات پر خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان سے بھارت جاکر بسنے والوں کو بی جے پی نے قتل کیا۔

بھارتی میڈیا کا کہناتھا کہ پولیس نے پراسرار موت کے معاملے میں خاندانی تنازع میں قتل کے شبہ کا بھی اظہار کیا ہے، پولیس کے مطابق پورے خاندان میں صرف ایک فرد محفوظ رہا۔

ایس پی راہول کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے خاندان نے رات میں کوئی کیمیکل پی کر اجتماعی خودکشی کی ہے کیونکہ ہٹ کے باہر اور لاشوں کے قریب کسی کیمیکل کی بو پھیلی ہوئی تھی تاہم ان افراد کی پراسرار موت کی وجوہات جائزہ لے رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button