پاکستانی خبریں

مسئلہِ کشمیر: مہاتیر محمد کا پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان، وزیراعظم عمران خان نے شکریہ ادا کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کا شکریہ ادا کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدمات کو ایک سال مکمل ہونے پر ڈاکٹر مہاتیر محمد کا 8 اگست کو ایک تقریب میں کشمیریوں کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کے خلاف بولنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ 04 فروری2020ء کو جب وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کا دورہ کیا تو انہوں نے کہا کہ میں بہت افسردہ تھا کہ دسمبر کے وسط میں کوالالمپور میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہ کرسکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے بہت قریب ہمارے کچھ دوستوں کو یہ محسوس ہوا کہ شاید یہ کانفرنس امہ کو تقسیم کردیگی، جو واضح طور پر ایک غلط فہمی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ درست ہے، خاص طور پر ہم نے دیکھا کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر کی حمایت کرنے پر ملائیشیا سے پام آئل درآمد نہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

 پاکستان اس کی تلافی کی بھرپور کوشش کریگا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کا انہیں اپنے ملک مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا، جو روایتی طور پر بہت قریبی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد مزید قریب آنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری اور تعاون کے بہترین تعلقات ہوں گے۔

Related Articles

Back to top button