بلوچستان: لاپرواہی کے مرتکب افسران کیخلاف کارروائی کی منظوری

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بولان میڈیکل کالج میں گزشتہ 7 سال کے دوران پی ایس ڈی پی کی 7 اسکیموں میں غیرمعیاری کام، بدانتظامی اور وسائل کے ضیاع کے ذمہ دار محکمہ مواصلات وتعمیرات اور محکمہ صحت کے افسران کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں کیس رجسٹر کرنے کی منظوری دے دی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ مواصلات وتعمیرات اور محکمہ صحت کو ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے ضیاع اور ان پر عملدرآمد میں کوتاہی اور لاپرواہی کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کے آغاز کی منظوری بھی دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے یہ منظوری محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دی جس میں محکمہ پی اینڈ ڈی نے متعلقہ افسران کے خلاف اینٹی کرپشن میں کیس رجسٹر کرنے کی سفارش کی ہے۔

جام کمال نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات سے بولان میڈیکل کالج میں گزشتہ 7 برسوں کے دوران کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی جامع رپورٹ طلب کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں