پاکستانی خبریں

وزیر اعظم عمران خان کا ’شوگر مافیا‘ کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، بڑا حکم جاری کر دیا

وزیراعظم نے شوگرمافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے ایف بی آر، نیب، ایس ای سی پی، ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

گورنراسٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور 3 صوبوں کوبھی خط لکھا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے 90 دن میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

حکومت نے ایف بی آر کو ملک بھر کی تمام شوگر ملز کا آڈٹ کروانے کا حکم دے دیا ۔

حکومت نے نیب کو کابینہ کے فیصلے کے تناظر میں شوگر ملز اور مالکان کے مالی معاملات کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔

شوگر ملز کو سبسڈی کی ادائیگی کے باوجود کاشتکاروں کو کم ادائیگی کی تحقیقات بھی ہوںگی۔ شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کے لئے وزیر اعظم کی ہدایت پر مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے گورنر اسٹیٹ بینک،مسابقتی کمیشن اور تین صوبوں کو خط لکھے ہیں۔

وفاقی حکومت نے پنجاب ،خیبر پختونخواہ اور سندھ کے چیف سیکریٹری کو بھی خط لکھ دیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتیں شوگر کمیشن رپورٹ کے پیش نظر مختلف شوگر ملز کی تحقیقات کریں۔

خط میں کہا گیا کہ گنا کاشت کاروں سے کم قیمت پر گنا خریدنے والی شوگر ملز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔

وفاقی حکومت کے مطابق مختلف شوگر ملز کا معاملہ صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ صوبائی حکومتوں کو شوگر ملز کی جانب سے گنا کاشتکاروں کو سود پر قرض دینے کی تحقیقات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔

کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع خارج کرتے ہوئے کہا حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

اس کے علاوہ عدالت نے سندھ اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے معاملے پر فیصلے کے لئے 3 ہفتے کا وقت دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ہائیکورٹس 3 ہفتوں میں فیصلہ کریں۔

 

 

 

 

Related Articles

Back to top button