عید سے قبل عوام کو مل گئی عیدی، پی آئی اے کا کرایوں میں کمی کا اعلان

قومی ایئرلائن(پی آئی اے) میں سفر کرنے والے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، پی آئی اے نے بڑی عید پر کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

عید کے موقع پر مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد سے کراچی پروازوں کا یکطرفہ کرایہ 8ہزار652 روپے کردیا گیا۔ جبکہ کراچی سے پشاور جانے والی پروازوں کا کرایہ11ہزار714مقرر کیا گیا ہے۔

پی آئی اے نے کراچی سے کوئٹہ جانے والی پرواز کا کرایہ11ہزار535کر دیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی 25جولائی سے عید الاضحیٰ تک رہے گی۔

قومی ایئرلائن کے مذکورہ اقدام سے مسافروں کو کرائے کی ادائیگی میں سہولت ملے گی، اور شہری عیدالضحیٰ کے موقع پر اپنے پیاروں سے ملنے کم کرایوں میں ایک شہر سے دوسرے شہر جاسکیں گے۔

دوسری جانب کورونا وائرس اور برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا کے لیے آپریشن کی بندش سے قومی ایئر لائن کو رواں سال 100 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

پی آئی اے کو امریکا میں آپریشن کی بندش کی وجہ سے 5 پروازوں پر 28 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں