بلوچستان میں ترقی کی کرنیں بکھیرنے لگیں، توانائی کی قلت پوری کرنے کیلئے اہم منصوبے شروع

حکومت بلوچستان نے صوبے میں توانائی کی قلت پوری کرنے کیلئے اہم منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سبی اور نوکنڈی میں ونڈ انرجی پارک جبکہ قلعہ سیف اللہ، مستونگ، پشین، خضدار، لورالائی، پنجگور اور لسبیلہ میں سولر انرجی پارک تعمیر کئے جائیں گے۔ صوبے میں انرجی پارکس کی تعمیر کے منصوبوں کے لئے زمین کے حصول کا عمل جاری ہے۔

سیکرٹری توانائی بلوچستان شہریار تاج نے نجی چینل کو بتایا کہ رواں سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں توانائی کے شعبہ کے 67نئے منصوبوں کیلئے 1642ملین روپے مختص ہیں۔

سبی میں 5000 ایکڑ، نوکنڈی میں ونڈ انرجی پارک کے لئے 10ہزار ایکڑ، قلعہ سیف اللہ سولر انرجی پارک کے لئے 2000 ایکڑ، مستونگ، پشین، خضدار، لورالائی، پنجگور اور لسبیلہ میں سولر انرجی پارک کے لئے ایک ایک ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی جارہی ہے۔

شہریار تاج کا کہنا تھا کہ بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کی آسامی جلد عمل میں لائی جا رہی ہے، آئل اینڈ گیس ڈائریکٹریٹ کے قیام کی منظوری ہوچکی ہے۔

سیکرٹری توانائی بلوچستان کے مطابق یورپین یونین پروجیکٹ کی معاونت سے توانائی کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ اسلام آباد میں محکمے کا کیمپ آفس قائم کیا جارہا ہے، صوبے میں بجلی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچہ کی مضبوطی کے لئے وفاقی حکومت سے معاونت حاصل کی جائے گی۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں