پاکستانی خبریں

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے 3 منصوبوں کا افتتاح کر دیا، عید کے بعد بھی ایک اور بڑی خوشخبری ملے گی

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے شوگران میں سڑکوں کی تعمیر کے 3 منصوبوں کا افتتاح کر دیا، عید کے بعد صوبے میں سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری بھی سنا دی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے آج مانسہرہ میں سڑکوں کی تعمیر کے تین منصوبوں کا افتتاح کیا، 35 کلو میٹر سڑکوں کے اس منصوبے میں شوگران، گھنول پابرنگ اور مانور ویلی روڈز شامل ہیں، جن کی تعمیر پر 14 کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر سے سیاحت کو فروغ ملے گا، مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کو فروغ دے کر علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔

انھوں نے کہا صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اقدامات کر رہی ہے، سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے 2400 ملین روپے مختص کیے جا چکے ہیں، کائیٹ پراجیکٹ کے تحت 370 کلو میٹر روڈ انفرا اسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے، کورونا وبا کی مشکل صورت حال کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا سیاحت کے فروغ کے لیے ٹور ازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اب نئے ٹور ازم زونز قائم کیے جا رہے ہیں، صوبے میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بھی تیار کر لیے گئے ہیں، عید کے بعد وفاق اور دیگر صوبوں کی مشاورت سے سیاحت کھولنے پر کام کر رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے صوبائی حکومت کو 53 ارب روپے کا بجٹ خسارہ ہوا، ہمارے فلیگ شپ منصوبوں میں بی آر ٹی، مالم جبہ اسکائی ریزورٹ، بلین ٹری، سوات موٹر وے شامل ہیں، یہ سب منصوبے کرپشن سے پاک ہیں، ہم متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو منصوبوں کی تحقیقات کی دعوت بھی دیتے ہیں، پن بجلی، صنعت، معدنیات، سیاحت کا فروع ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

Related Articles

Back to top button