پاکستانی خبریں

وزیر اعلیٰ پنجاب کا اہم اقدام، بلوچستان میں ہسپتال اور زائرین کمپلیکس قائم کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک ارب روپے کی لاگت سے تربت میں ایک سو بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں زائرین کے لیے کمپلیکس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ پشین کے دورے کے موقع پر ایک استقبالیہ میں قبائلی عمائدین اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک ارب روپے کا چیک وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کیا۔

 

ہسپتال پر 75 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور تفتان میں پاک افغان سرحد پر زائرین کے لیے کمپلیکس 25 کروڑ روپے میں تعمیر کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتال اور کمپلیکس پنجاب اور بلوچستان کے عوام کے مابین باہمی تعاون، محبت اور تفہیم کا یادگار بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم ایک ہیں اور ان لوگوں کے مذموم مقاصد کو شکست دی جائے گی جو نفرت پھیلانا چاہتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت باتوں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ‘بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے کیوں کہ میرے آبائی ضلع کی سرغد موسیٰ خیل کے ساتھ لگتی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بلوچستان کی حکومت اور بلوچستان کے عوام کے لیے ہر طرح کی مدد اور تعاون کرے گی۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں وزیر اعلی بلوچستان نے عثمان بزدار کا تربت میں ہسپتال اور تفتان میں زائرین کے لیے ایک کمپلیکس بنانے کا فیصلہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نے کہا کہ عثمان بزدار کے دورے کے ساتھ ہی دونوں صوبوں کے مابین خوشگوار تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے پنجاب میں اپنے بھائیوں کے ساتھ جذباتی تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم مشترکہ طور پر کوششیں کرکے اپنے لوگوں کے مسائل حل کریں گے’۔

Related Articles

Back to top button