پاکستانی خبریں

کس وفاقی وزیر سے پنگا لینا مہنگا پڑگیا؟ محمد علی شہزادہ عہدے سے فارغ

وفاقی وزیر سے اختلافات پرسیکرٹری بین الصوبائی رابطہ امور محمد علی شہزادہ کوعہدے سے ہاتھ دھونا پڑگئے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور ان کے سیکرٹری کے درمیان اسپورٹس فیڈریشن کو فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر چپقلش چل رہی تھی۔ محمد علی شہزادہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وزیراور سیکرٹری میں اختلافات چل رہے تھے۔ سیکرٹری کھیلوں سے متعلق بنائی گئی ٹاسک فورس پرعملدرآمد پر زور دیتے رہے۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری کومالی سال ختم ہونے سے پہلے اسپورٹس فیڈریشنز کو فنڈز کے اجرا پراعتراض تھا۔ سیکرٹری نے 40 میں سے 18 فیڈریشنز کو فنڈز کی فراہمی کے طریقہ کار پربھی سوال اٹھایا۔

اطلاعات ہیں کہ سیکرٹری نے فنڈزکی فراہمی رکوانے کےلیے وفاقی وزیرکو 2 خط لکھے۔ وفاقی وزیرفہمیدہ مرزا کو مالی معاملات پرسیکرٹری کی مداخلت ناگوار گزری۔

وفاقی وزیر نے سیکرٹری سے سوال کیا کہ فنڈز جاری کرنے سے آپ کوکیا مسئلہ ہے؟ فہمیدہ مرزا نے سیکرٹری کو 2 ہفتے سے وزارت کے امور سے علیحدہ کردیا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ فہمیدہ مرزا نے وزیراعظم سے سیکرٹری کو ہٹانے کےلیے درخواست بھی کررکھی تھی۔ فہمیدہ مرزا کے وزارت سنبھالنے کے بعد تیسرے سیکرٹری کا ہٹایا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button