پاکستانی خبریں

شہری پھر سے ویگن اور بس مافیا کے رحم و کرم پر، میٹرو بس سروس کے حوالے سے اہم خبر آگئی

کورونا کی وجہ سے کئی ماہ سے میٹرو بس سروس کی بندش نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے،شہری پھر سے ویگن اور بس مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔

ملک میں کورونا کی وبا پھیلتے ہی جہاں دیگربہت سے مسائل نے جنم لیا وہیں پر ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سر فہرست شمار کیا جا سکتا ہے۔

یہ لوگ ہیں وہ مسافر جو پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرتے تھے۔ میٹروبس سروس شروع ہونے کے بعد سے انہیں کچھ سکون کا سانس میسرہوا تھا، جب سے میٹروبس سروس شروع ہوئی لاکھوں مسافر دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کی پریشانی سے آزاد ہو گئے تھے۔

کسی نے دفترجانا ہے یا اسکول کالج یا پھرکسی ذاتی کام سے ایک جگہ سے دوسری جگہ گھر سے میٹرو اسٹیشن تک آئیں اور بغیر پریشانی بس میں سوار ہوکرمنزل پر اترجائیں۔

کورونا کے باعث وائرس نے ملک میں اثر دکھایا ہے. سماجی فاصلے برقرار رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی، سروس بند ہونے سے شہریوں کے لئے سفر کرنا پھر سے وبال جان بن گیا ہے۔

میٹرو بس سروس بند ہوئی تو ٹرانسپورٹرز کی بھی جیسے چاندی ہو گئی انہیں بھی میٹرو میں سفر کرنے والوں سے بدلہ لینے کا موقع مل گیا ہے۔

بس اور ویگن والوں نے پھر سے وہی رویہ اختیار کر رکھا ہے روٹ پورا نہیں کرتے، سواریوں سے بد تمیزی معمول ہے، جب تک ویگن میں سواریاں کھچا کھچ بھرنہ جائیں چلنے کا نام نہیں لیتے۔

اوپر سے کرائے بھی بڑھا دیئے ہیں، بعض اوقات تودل جلے ڈرائیور اور کنڈیکٹرزسے میٹرومیں سفرکرنے کے طعنے بھی سننے کو ملتے ہیں. کہ اب جاؤ اورمیٹرو میں سفر کرو۔

میڑو بس سروس بند ہونے سے جہاں لاکھوں شہریوں کو سفری پریشانی کا سامنا ہے، وہیں لاہورراولپنڈی اورملتان میں بس نہ چلنے سے حکومتی خزانے کو بھی پچیس کروڑ سے زائد کا نقصان ہوچکا۔

حکومت کو چاہئے کہ دیگر مقامات کی طرح میٹرواسٹیشنز اور بسوں میں بھی کورونا ایس او پیز کا اطلاق کرائے۔

مکمل حفاظتی اقدامات کر کے سروس بحال کر دی جائے تا کہ نہ صرف شہریوں کو فائدہ ہو بلکہ حکومتی خزانہ بھی بھرنا شروع ہو جائے۔

Related Articles

Back to top button